اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مریض تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور اب تک متاثرہ ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد لوگ اس وبا سے چھٹکارا حاصل کرچکے ہیں۔
نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے اور مزید 3344 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 50 مریض دم توڑ گئے۔
وطن عزیز میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 818 اور اموات کی تعداد 4762 ہوگئی۔ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 94 ہزار سے زائد ہے جن میں سے 459 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 94 ہزار 528، پنجاب 81 ہزار 317، خیبر پختونخوا 28 ہزار 116، بلوچستان میں 10 ہزار 814، اسلام آباد میں 13494، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 561 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک ہزار 342 ہوگئی۔