اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے مریض تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 11 ہزار 469 مریض اس وبا سے شفا پاگئے۔
ایک جانب کورونا کے وار جاری ہیں تو دوسری طرف مریضوں کی صحت یابی بھی تیزی سے جاری ہے اور اب اس وبا سے صحت یاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 11 ہزار 469 مریض صحت یاب ہوگئے۔ اس طرح کورونا سے صحت یاب لوگوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 95 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک روز میں کورونا سے 68 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22 ہزار 50 ٹیسٹ کیے گئے اور 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح مجموعی مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 283 ہوگئی جب کہ اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 72 ہزار 825 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
سب سے زیادہ مصدقہ مریض صوبہ سندھ میں ہیں جہاں ان کی تعداد 90 ہزار 721 ہے، پنجاب میں 80 ہزار 297، خیبرپختونخوا میں 27 ہزار 506، بلوچستان 10 ہزار 717، اسلام آباد میں 13 ہزار 292، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 214 اور گلگت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 536 ہوگئی ہے۔