مودی سرکار کورونا وبا کے سامنے ڈھیر!

نئی دہلی: مودی حکومت کورونا کے سامنے ڈھیر ہوگئی، بھارت کورونا متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 19 ہزار 665 ہونے کے بعد دنیا بھر میں تیسرا بڑا ملک بن گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ بھارت میں کووڈ-19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 19 ہزار 665 ہوگئی ہے جب کہ 20 ہزار افراد ہلاک ہوچکے، یوں وہ دنیا بھر میں تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔
دارالحکومت نئی دہلی، ممبئی اور دیگر بڑے شہروں میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تمام ہی ہسپتالوں میں کورونا وارڈز بھر چکے اور زیادہ تر مریض وینٹی لیٹرز نہ ملنے سے چل بسے جب کہ دیہات میں حالت مزید خراب ہے۔
بھارت میں کورونا وبا کی ابتدا میں ہی اچانک سخت لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا، اندرون ملک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ہزاروں مزدور شہروں میں پھنس گئے تھے اور اپنے گاؤں جانے کے دوران مختلف حادثات میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔ 20 مزدور پیدل چلتے چلتے تھک کر پٹری پر سو گئے جنہیں مال بردار ٹرین نے کچل دیا تھا۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں تیس لاکھ لوگ متاثر ہوئے، وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار ہے جب کہ برازیل میں سولہ لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 65 ہزار سے زائد ہلاک ہوئے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک ایک کروڑ 17 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ اب تک اس مہلک وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار ہوگئی ہے۔

CoronaIndiaModi