قاہرہ: کورونا وبا نے اخلاقی اقدار کو بُری طرح زک پہنچائی ہے۔ اس ضمن میں انسانیت کے معیار سے گرے ہوئے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ مصر میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر شوہر نے بیوی کو اپارٹمنٹ کی پانچویں منزل سے نیچے پھینک دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں 25 سالہ خاتون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شوہر نے اسے پانچویں منزل سے نیچے پھینک دیا۔
25 سالہ خاتون 5 منزلہ عمارت سے گرنے کے بعد بھی معجزاتی طور پر زندہ تھی جسے فوری ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کی گئی۔
پولیس نے شوہر کو گرفتار کرلیا جس نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے بیوی کے ساتھ پہلے ہی اختلافات تھے اور دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا تھا، ہمارے درمیان اس وقت اختلافات مزید بڑھ گئے جب بیوی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
شوہر نے بتایا کہ وہ ڈر رہا تھا کہ کہیں اسے بھی وائرس نہ ہوجائے، اس نے اپنی بیوی کے 3 ٹیسٹ کروائے اور تینوں ہی مثبت آئے جس کے بعد اس نے اسے گھر چھوڑنے کو کہا اور جب اس نے منع کیا تو اس نے اسے پانچویں منزل سے دھکا دے دیا۔