اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وبا کی شدت برقرار ہے اور اس کے فعال کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44 ہزار 514 ٹیسٹ کیے گئے۔
24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4584 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ ملک بھر میں 3135 مریض کورونا سے صحت یاب ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت کیسز کی شرح 10.29 فیصد رہی، ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 25 ہزار 602 ہوگئی، جن میں سے 6 لاکھ 34 ہزار 835 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے۔
اب تک سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 126، پنجاب 2 لاکھ 50 ہزار 459، اسلام آباد میں 66 ہزار 380، خیبر پختونخوا میں 99 ہزار 595، سندھ 2 لاکھ 69 ہزار 126، بلوچستان 20 ہزار 321، آزاد کشمیر 14 ہزار 594 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں مزید 58 افراد اس وبا کا شکار ہوکر لقمۂ اجل بن گئے، اس طرح ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15501 ہوگئی۔ کورونا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں، جہاں 6 ہزار 988 افراد جان کی بازی ہار چکے، سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا 2 ہزار 651، اسلام آباد 611، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 215 اور آزاد کشمیر میں 403 افراد اس وبا کے ہاتھوں لقمۂ اجل بن گئے ہیں۔
ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب یہ تعداد ایک مرتبہ پھر 75 ہزار 266 ہوگئی ہے، جن میں سے 4 ہزار 201 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے 512 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
اس وقت گوجرانوالا میں 85 ، ملتان میں 81 ، لاہور 79 اور اسلام اباد میں 55 فیصد وینٹی لیٹرز پر کورونا مریض زیر علاج ہیں۔ اس کے علاوہ گوجرانوالا کے 85 فیصد، پشاور کے 73، گجرات کے 71 اور سوات کے 66 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں۔