کورونا سے 55 افراد جاں بحق، 1974 نئے مریض!

اسلام آباد: پاکستان بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 55 افراد جاں بحق ہوگئے اور 1974 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ کووڈ 19 کے مثبت کیسز کی شرح 6.13 فیصد ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا فعال کیسوں کی تعداد 39 ہزار 488 ہے اور اب تک 9 ہزار 929 اموات ہوچکی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 205 ٹیسٹ کیے گئے اور وبا پھیلنے کے بعد سے اب تک کیے گئے ٹیسٹس کی تعداد 65 لاکھ 89 ہزار 317 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 309 ہوگئی ہے۔ سندھ میں 2 لاکھ 11 ہزار 276، پنجاب ایک لاکھ 36 ہزار 147 کیسز، خیبرپختونخوا 57 ہزار 467، بلوچستان میں 18 ہزار 82 کیس، اسلام آباد 37 ہزار 272، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 850 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 8 ہزار 215 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 892 ہے۔ 2263 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے اور اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
این سی او سی کے مطابق مثبت شرح کے لحاظ سے ایبٹ آباد سب سے آگے ہے جہاں شرح 15.95 فیصد تک جاپہنچی۔ کراچی 14.81 کے ساتھ دوسرے اور حیدرآباد 14.47 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
آزاد کشمیر میں کووڈ 19 کے مثبت کیسز کی شرح 12.54، بلوچستان میں 2.71 اور اسلام آباد میں 5.94 فیصد ہے۔
گلگت بلتستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا جہاں مثبت کیسز کی شرح صفر فیصد رہی۔ پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.06 اور سندھ میں 8.61 فیصد سامنے آئی۔

Covid 19Pakistan