اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 52 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 917 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 69 لاکھ 23 ہزار857 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 118 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 92 ہزار 594 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 20 ہزار 501، پنجاب میں ایک لاکھ 42 ہزار 58، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 955، اسلام آباد میں 38 ہزار 531، بلوچستان میں 18 ہزار 280، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 396 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 873 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 37 ہزار740 ہوگئی ہے جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 52 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 10 ہزار 461 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 393 ہوگئی ہے۔