اسلام آباد: پاکستان بھر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1792 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جب کہ 62 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 34 ہزار 772 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب کووڈ 19 ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 63 لاکھ 36 ہزار 113 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 1792 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 98 ہزار 968 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تشخیص سندھ میں ہوئی ہے جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 840 ہے، پنجاب میں ایک لاکھ 31 ہزار 933، خیبرپختونخوا میں 55 ہزار 183، بلوچستان میں 17 ہزار 926، اسلام آباد میں 36 ہزار 257، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 827 کیسز جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 8 ہزار 2 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا نے مزید 62 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیے ہیں، جس کے بعد اب تک کورونا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 9 ہزار 392 ہوگئی ہے
این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 638 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 3 ہزار 333، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 546، اسلام آباد میں 391، گلگت بلتستان میں 99، بلوچستان میں 179 اور آزاد کشمیر میں 206 افراد اس وائرس کے ہاتھوں جاں بحق ہوچکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 680 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا سے صحت یاب مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 9 ہزار 85 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 40491 ہے۔ جن میں سے 2 ہزار 403 کی حالت تشویش ناک ہے۔