کورونا وبا 140 زندگیاں نگل گئی، 4298 نئے مریض!

اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وبا کے باعث مزید 140 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 4 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 846 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,101,83 ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 298 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 850,131 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 89 ہزار 646، پنجاب میں 3 لاکھ 14 ہزار 517، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 22 ہزار 520، اسلام آباد میں 77 ہزار 414، بلوچستان میں 23 ہزار 16، آزاد کشمیر میں 17 ہزار 660 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 358 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 83 ہزار 699 ہے جب کہ 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 140 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد مجموعی طور پر 18 ہزار 677 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 631 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد شفایاب مریضوں کی تعداد 747,755 ہوگئی ہے۔

Covid 19NCOCPakistan