کورونا وبا سے 70 افراد جاں بحق، 4825 نئے مریض!

اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، تاہم ان میں سے 6 لاکھ 94 ہزار 46 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 50161 ٹیسٹ کیے گئے۔
ملک بھر سے مزید 4 ہزار 825 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح ملک میں کورونا کے مجموعی مصدقہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 452 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 لاکھ 90 ہزار 788، سندھ 2 لاکھ 78 ہزار 545، بلوچستان 21 ہزار 743، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 14 ہزار 77، اسلام آباد میں 73 ہزار 450، آزاد کشمیر 16 ہزار 591 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 258 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
گزشتہ روز ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 9.61 فیصد رہی جو گزشتہ چند روز کے مقابلے میں نسبتاً کم ہے۔ 4 ہزار 234 افراد نے کورونا کو شکست دے دی، جس کے بعد اس وبا سے صحت یاب لوگوں کی تعداد 6 لاکھ 94 ہزار 46 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 70 اموات ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہزار 187 تک پہنچ گئی۔
کورونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں، جہاں 7 ہزار 990 افراد لقمۂ اجل بنے، اس کے علاوہ سندھ میں 4 ہزار 599، خیبر پختونخوا 3 ہزار 134، اسلام آباد 665، گلگت بلتستان 105، بلوچستان میں 232 اور آزاد کشمیر میں 462 افراد جان کی بازی ہار چکے۔
ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 89 ہزار 219 ہے، جن میں سے 4 ہزار 862 کی حالت تشویش ناک ہے۔

Covid 19NCOCPakistan