بھارت میں کورونا سے 2800 اموات، 3 لاکھ 53 ہزار مریض رپورٹ!

نئی دہلی: مسلسل پانچویں روز بھارت میں کورونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارت میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے قریباً 3 لاکھ 53 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جو ایک روز کے دوران کورونا کیسز سامنے آنے کا نیا عالمی ریکارڈ ہے جب کہ بھارت میں اس طرح کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2800 سے زائد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
بھارت میں کورونا کی بدترین صورت حال کے پیش نظر ٹیکنالوجی حب بنگلورو شہر میں 14 روز کے لیے لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے جس کا اطلاق 27 اپریل سے ہوگا۔


ایک کروڑ 20 لاکھ آبادی پر مشتمل بنگلورو شہر میں اتوار کو 20 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو دوسری لہر کے دوران ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
بھارت میں کورونا کی وجہ سے کرکٹ لیگ آئی پی ایل بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور غیر ملکی کھلاڑی لیگ چھوڑ رہے ہیں جب کہ حال ہی میں دو آسٹریلین کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کو خیرباد کہا ہے۔
بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے وزیراعلیٰ نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے مفت ویکسی نیشن کا اعلان کیا ہے۔

2800 KilledCovid 19India