بھارت میں کورونا کی تباہ کاریاں، ریکارڈ ساڑھے تین لاکھ نئے مریض

ممبئی: بھارت میں مودی حکومت کی نااہلی کے باعث کورونا کی صورت حال انتہائی بدتر ہوگئی اور ہر 4 منٹ میں ایک شخص وائرس سے ہلاک ہورہا ہے۔
بھارت میں کورونا وائرس کی صورت حال ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، وہاں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کے باعث صورت حال مزید خطرناک ہوگئی ہے، اسپتالوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں ہیں، تاہم اسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باعث عوام فٹ پاتھ پر سلنڈرز لیے نظر آرہے ہیں۔
بھارت میں ہر آنے والا دن کورونا کے ریکارڈ توڑ رہا، بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے مزید 346,786 افراد متاثر ہوئے جب کہ 2624 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی، اس کے علاوہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت اب دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت میں صورت حال اس قدر خراب ہے کہ کورونا کی وجہ سے ہر 4 منٹ میں ایک شخص کی موت ہورہی ہے جب کہ وبا کی حالیہ لہر کم از کم 3 ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے نتیجے میں اموات میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔

2624 Killed350 k positive casesCovid 19India