اسلام آباد: کورونا وائرس کی پانچویں لہر نے دستک دے دی، این سی او سی کے مطابق اومیکرون تیزی سے پھیل رہا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں وبا کی بدلتی صورت حال، قومی ویکسی نیشن مہم اور بیماری کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لازمی ویکسی نیشن کے لیے سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی پانچویں لہر اومیکرون تیزی سے پھیل رہی ہے، گزشتہ تین روز میں کراچی کی مثبت شرح 2 سے 6 فیصد تک پہنچ گئی، پانچویں لہر سے بچنے کے لیے شہری ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں اضلاع کے مطابق بھی ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں نیشنل کوآرڈی نیٹر این سی او سی میجر جنرل محمد ظفر اقبال، وفاقی وزیر عمر ایوب اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک ہوئے۔
معاون خصوصی صحت نے کہا کہ ملک میں کوروناکی پانچویں لہر نظر آنا شروع ہوگئی، گزشتہ 4 روز سے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے اور کراچی میں کورونا کیسز کا تناسب بڑھا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ آج سے کورونا بوسٹر ڈوز لگنا شروع ہوگئی، ملک میں کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح 1.05 ہے۔
ادھر محکمہ صحت سندھ کے ذرائع کے مطابق کراچی میں اومیکرون کیسز میں مستقل اضافہ ہورہا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں سے مزید 10 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ذریعے پھیلے جب کہ کراچی میں اومیکرون کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 54 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 45 ہزار 643 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 708 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز اس وبا سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 1.55% فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 642 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔