کراچی: ٹاسک فورس سندھ نے صوبے میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں اسکول کھلے رہیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی، عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جو سرکاری افسر ماسک نہیں پہنے گا اس کو جرمانہ کیا جائے گا، جرمانے میں ایک دن کی تنخواہ کی کٹوتی کرنے کی تجویز ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق تمام شادی ہالز، مارکیٹس، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم قرار دے دیا گیا ہے، شادی کی تقریبات میں کھانا باکس میں دینے کی ہدایت کی گئی ہے، مارکیٹس میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کے داخلے کی اجازت ہوگی، انتظامیہ کو ویکسی نیشن کارڈ کا ریکارڈ چیک کرنا لازمی ہوگا، تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کا سروے کیا جائے گا، جس میں اسپتالوں کی گنجائش کا جائزہ لیا جائے گا، اسپتالوں میں کتنی گنجائش ہے اور مزید کتنی ضرورت ہے بتایا جائے۔
ترجمان کے مطابق حکومت کی ویکسی نیشن مہم پورے صوبے میں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا، کورونا کیسز میں اضافہ احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کا نتیجہ ہے، عوام تعاون کریں گے تو اس جاری کورونا لہر پر بھی کنٹرول ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بلند ترین شرح کراچی میں ریکارڈ ہوئی ہے۔ 24 گھنٹے میں کراچی میں کورونا کی شرح 35.30 فیصد ریکارڈ ہوئی۔