واشنگٹن/ لندن/ ماسکو/ تہران/: دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوگئی اور 5 لاکھ افراد اس مہلک وبا کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔
گزشتہ ہفتے عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا تھا کہ آئندہ ہفتے تک دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق کورونا کے مجموعی کیسوں میں آدھی تعداد دو براعظموں شمالی اور جنوبی امریکا میں سامنے آئی ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکا میں وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی اور مریضوں کی تعداد 26 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔
امریکا کے بعد کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک برازیل ہے جہاں مریضوں کی تعداد 13 لاکھ سے زائد جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 57 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
روس 6 لاکھ سے زائد کیسز اور 9 ہزار کے قریب ہلاکتوں کی وجہ سے تیسرے نمبر جب کہ بھارت 5 لاکھ سے زائد کیسز اور 16 ہزار اموات کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
برطانیہ میں بھی کورونا وائرس سے 43 ہزار سے زائد مریض انتقال کرچکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔
خیال رہے کہ جہاں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، وہیں اس مہلک وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 54 لاکھ بڑھ گئی ہے۔