کورونا زدگان ایک لاکھ 95 ہزار سے متجاوز، 3962 جاں بحق

اسلام آباد: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2775 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد اس وبا کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے بڑھ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 21 ہزار 41 ٹیسٹ کیے گئے اور 2 ہزار 775 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ اب تک 84 ہزار 168 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 75 ہزار 168، پنجاب میں 71 ہزار 987، خیبر پختونخوا میں 24 ہزار 303، بلوچستان میں 9 ہزار 946، اسلام آباد میں 11 ہزار 981، آزاد کشمیر میں 962 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 398 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ایک روز میں کورونا نے مزید 59 افراد کی جان لی جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3962 تک پہنچ گئی۔
کورونا وبا سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں ایک ہزار 629 افراد جان کی بازی ہار چکے۔ سندھ میں ایک ہزار 178، خیبر پختونخوا میں 879، اسلام آباد میں 119، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 109 اور آزاد کشمیر میں 25 افراد اس وبا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Covid19DeathPakistan