اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے اور محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کووڈ 19 کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے بنی گالہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور وزرائے اعلیٰ سے آن لائن بات چیت کی۔ عمران خان نے ملک گیر ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی اور ماسک کے استعمال کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتظامی مشینری ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے متحرک ہوجائے، کورونا وبا کی تیسری لہر خطرناک، بہت احتیاط کی ضرورت ہے، مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے، محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے، ہم نے بہتر حکمت عملی کے ساتھ پہلی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کیا، وقت ایک بار پھر قوم سے ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔
اجلاس کو ملک بھر میں جاری ویکسی نیشن کے عمل اور خریداری پر بھی بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ ویکسی نیشن کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا اور ملک بھر میں تمام ان ڈور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ پابندیوں کا اطلاق 8 فیصد سے زائد مثبت کیسز کے اضلاع اور شہروں میں ہوگا۔