اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مثبت کیسز میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، آج بھی کورونا کے ایک دن میں 4 ہزار 468 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 279 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ 21 ہزار 7 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 468 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ برس جون میں پاکستان میں کورونا کی صورت حال سب سے زیادہ تشویش ناک تھی۔ اُس دوران کورونا کے کیسز میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہورہا تھا اور سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔
اس سے قبل 16 جون 2020 کو ایک دن میں سب سے زیادہ 4 ہزار 443 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 49 ہزار 824 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 355، پنجاب میں 2 لاکھ 10 ہزار 95، خیبر پختونخوا میں 83 ہزار 630، اسلام آباد میں 55 ہزار 56، بلوچستان میں 19 ہزار 453، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 245 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 990 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 42 ہزار 384 ہے جب کہ 2 ہزار 842 سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 158 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 137 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 93 ہزار 282 ہوگئی ہے۔