اسلام آباد: کورونا وبا کی تیسری لہر سنگین شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔ جان لیوا وائرس سے آج 98 لوگ جاں بحق ہوگئے جب کہ 5 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 816 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 10,584,87 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 329 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 705,517 ہوگئی، جس کے بعد ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.69 فیصد ہوگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 67 ہزار 612، پنجاب میں 2 لاکھ 40 ہزار 584، خیبرپختونخوا میں 94 ہزار 880، اسلام آباد میں 63 ہزار 499، بلوچستان میں 19 ہزار 999، آزاد کشمیر میں 13 ہزار 873 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 70 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 66 ہزار 994 ہے جب کہ قریباً 4 ہزار مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 98 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 124 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 610 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 623,399 ہوگئی ہے۔