اسلام آباد: کورونا کی تیسری لہر سنگین شکل اختیار کررہی ہے، مثبت کیسز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، پاکستان بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 170 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 10,297,54 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 5 ہزار 234 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 917، پنجاب میں 2 لاکھ 25 ہزار 953، خیبر پختونخوا میں 89 ہزار 255، اسلام آباد میں 59 ہزار 401، بلوچستان میں 19 ہزار 610، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 984 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 45 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 56 ہزار 347 ہے جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 83 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 613 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 931 مریض صحت یاب ہوئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 607,205 ہوگئی۔