اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 509 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 82 لاکھ 56 ہزار 378 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 8 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 56 ہزار 519 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 51 ہزار 434، پنجاب میں ایک لاکھ 61 ہزار 347، خیبر پختونخوا میں 68 ہزار 625، اسلام آباد میں 42 ہزار 80، بلوچستان میں 18 ہزار 877، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 238 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 918 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 31 ہزار 510 ہے جب کہ ایک ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 40 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد مجموعی طور پر 12 ہزار 66 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 441 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 12 ہزار 943 ہوگئی ہے۔