قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی علامت کرپشن ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن قانون کی حکمرانی نہ ہونےکی علامت ہے، قانون پرعمل نہ ہونے سے کرپشن جنم لیتی ہے۔
اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب کہا جا رہا تھا پاکستان ایشیا کا کیلیفورنیا بننے جا رہا ہے، پاکستان ایشیا میں بڑی تیزی سے ترقی کر رہا تھا، پھر ہم نے اپنے ملک کا زوال بھی دیکھا، مسائل کے حل کیلئے ہمیں لیڈر شپ کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپشن قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی علامت ہے، تمام مسائل کا حل قانون کی حکمرانی میں ہے، جمہوریت وہیں مستحکم ہوتی ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے، قانون کی حکمرانی جرائم پیشہ افراد کو آگے بڑھنے سے روکتی ہے، کسی بھی ملک میں قانون پر عمل نہ ہونے سے نقصان ہوتا ہے، قانون پرعمل نہ ہونے سے کرپشن جنم لیتی ہے، مسائل کی سب سے بڑی وجہ قانون کی حکمرانی کا نہ ہونا ہے،
کوئی مذہب دہشتگردی کی اجازت نہیں دیتا، دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں، مغرب میں تھنک ٹینکس کہتے تھے پاکستان خطرناک ملک ہے، ہمارے ملک کی بہتر انداز میں ترجمانی نہیں کی گئی، کوئی بھی شخص آسانی سے پاکستان کے اچھے اور برے ہونے کی رائے دے دیتا ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، ہمیں اپنے ملک کی دفاع کے لیے بہتر انداز میں موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔

Corruption is a sign of lack of rule of lawsays PM