کور کمانڈرز کانفرنس: 9 مئی کے ذمے داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ

راولپنڈی: کور کمانڈرز کانفرنس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے عزم کے مطابق 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جوانوں، قانون نافذکرنے والے اداروں، شہریوں نے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کوششوں کے ثمرات کو مستحکم کرتے رہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں عام انتخابات میں مدد فراہم کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کی گئی اور فورم نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے مایوسی، تفرقہ ڈالنے کے لیے پھیلائی جانے والی غلط اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، مشکلات کے باوجود مسلح افواج نے الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں محفوظ ماحول فراہم کیا، دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق مسلح افواج نے ذمے داری کے ساتھ انتخابات میں سیکیورٹی ماحول فراہم کیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں فیک نیوز اور مس انفارمیشن پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا کہ چند عناصر غلط خبریں پھیلا کر عوام میں مایوسی پھِیلانا چاہتے ہیں، ایسے عناصر سوسائٹی میں تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
فورم نے مایوسی کا اظہار کیا کہ میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا کے کچھ مفاد پرست عناصر نے مسلح افواج کو بغیر کسی ثبوت کے بدنام کیا۔
فورم نے کہا کہ دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشت گردوں، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹا جائے گا، پاکستان کے غیور عوام متحد رہیں اور مثبت رویہ اپنائیں، پاکستان کے عوام پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں اور پاک فوج ملک میں استحکام، خوش حالی اور سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے اعادہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان کے عزم کے مطابق 9 مئی کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اس سلسلے میں مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصول کیلئے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ 9 مئی کی گھناؤنی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جاسکے۔
فورم کا کہنا ہے کہ مفاد پرست عناصر نے سیاسی عدم استحکام اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے دوسروں کو قربانی کا بکرا بنایا، سیاست، میڈیا کے کچھ مخصوص چھوٹے طبقات بالخصوص سوشل میڈیا مداخلت کے بے بنیاد الزامات لگاکر افواج کو بدنام کررہے ہیں، جو انتہائی افسوس ناک ہے، غیر آئینی اور بے بنیاد سیاسی بیان بازی، جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کے بجائے ثبوتوں اور قانونی طریقہ کار پرعمل کیا جائے۔
فورم نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی ہموار جمہوری منتقلی کو اطمینان کے ساتھ نوٹ کیا اور کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشت گردوں اور سہولت کاروں سے پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے امید ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد کا ماحول مطلوبہ سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا، اس کے نتیجے میں پاکستان میں امن اور خوش حالی آئے گی، فورم پختہ یقین رکھتا ہے کہ جمہوری استحکام ہی ملک کی ترقی کا راستہ ہے اور عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے۔
فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی جب کہ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی بھی مذمت کی۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

9th May IncidentCorp Commander ConferenceElection 2024Responsible