راولپنڈی: 244 ویں کور کمانڈر کانفرنس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں علاقائی سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں شرکا نے پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو عدم استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی سازشیں ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے غیر ملکی افواج کے ساتھ تعاون اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں صلاحیتوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث داخلی تضادات کا شکار ہے اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے، بھارتی فوج کی ہرزہ سرائی داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور قربانیوں سے حاصل امن و استحکام کو تباہ کرنے کی سازش ناکام بنادیں گے۔
کانفرنس میں علاقائی سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سیکیورٹی اور تیزی سے بدلتی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ کور کمانڈرز نے افغانستان میں سلامتی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے۔ افغانستان کے ساتھ عالمی تعاون خطے کے مفاد میں ہے۔