راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے تمام عناصر کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 238 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں علاقائی اور ملکی سیکیورٹی کی صورت حال بالخصوص سرحدوں کی صورت حال، داخلی سیکیورٹی اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر کشمیریوں کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ تنازع کشمیر کا حل سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہوگا۔ کئی دہائیوں سے غاصبانہ قابض بھارتی فوج کا ظلم و ستم بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں دباسکا۔
شرکائے کانفرنس نے افغانستان میں امن عمل میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی کوششوں سے خطرات کو مکمل شکست دی جاسکتی ہے، جس کے لیے معاشرے کے تمام فریقین کو اپنا بامقصد کردار ادا کرنا ہوگا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف کنٹرول، ورکنگ بائونڈری اور مشرقی سرحدوں کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا، شرکاء نے کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر توجہ مرکوز رکھنے پر زور دیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر سطح پر بہترین صلاحیت سے تمام چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے، قومی دھارے کے تمام عناصر کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
کانفرنس میں کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات اور اس سلسلے میں جانوں کی پروا کیے بغیر کوششیں کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، کانفرنس کے شرکاء نے ملک میں فروغ امن کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات کے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر شکست دیں گے۔