کورونا وبا سنگین: 3795 نئے مریض، 37 جاں بحق!

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر مزید شدت اختیار کرتی جارہی ہے اور ایک بار پھر اس وائرس سے متاثرہ فعال مریضوں کی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کے 39 ہزار 76 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں مجموعی طورپر کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 57 لاکھ 94 ہزار 242 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ہزار 795 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، اس طرح ملک بھر میں کووڈ 19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 20 ہزار 294 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں مصدقہ کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 762 ہوگئی ہے، اسی طرح سندھ میں ایک لاکھ 84 ہزار 486، خیبر پختونخوا میں 49 ہزار 676، بلوچستان میں 17 ہزار 466، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 356 ، اسلام آباد میں 32 ہزار 816 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 732 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا سے پاکستان میں مزید 37 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد ملک میں اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بننے والوں کی کل تعداد 8 ہزار 398 ہوگئی ہے۔
سندھ میں 3 ہزار 177، پنجاب میں 3 ہزار 19، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 413، اسلام آباد میں 341، گلگت بلتستان میں 98، بلوچستان میں 169 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 181 مصدقہ مریض جان کی بازی ہار چکے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک روز میں ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار 530 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، اس طرح اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد 3 لاکھ 56 ہزار 542 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 55 ہزار 354 ہوگئی ہے۔ جن میں سے 2 ہزار 539 کی حالت تشویش ناک ہے۔

CoronaPakistan