بھارت: کورونا کی بدترین صورت حال، آئی پی ایل ملتوی!

ممبئی: کورونا کی بدترین صورت حال اور کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے ملک میں جاری آئی پی ایل کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ اور کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث گزشتہ روز کولکتہ اور بنگلور کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جن کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورن چکرورتی اور سندیپ واریئرز بھی شامل ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو اس وقت کورونا ہوا جب وہ انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کے لیے باہر گئے تھے۔
اس کے علاوہ چنائی سپر کنگز کے بولنگ کوچ لکشمی پتی بالاجی اور ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کے رکن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کے کیسز کے بعد چنائی سپر کنگز کی پوری ٹیم کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے والے کئی کھلاڑی اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور متعدد غیر ملکی کھلاڑی بھی لیگ سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔

BCCICovid 19 casesDeathIPL Suspended