اسلام آباد: پاکستان میں ایک جانب کورونا کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب اس کے مریض بھی تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور اب ملک میں اس وبا سے شفا پانے والے افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 941 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 50 ہزار 773 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 ہوگئی ہے۔ کورونا کے سب سے زیادہ مصدقہ مریض صوبہ سندھ میں ہیں جہاں ان کی تعداد 89 ہزار 225 ہے، پنجاب میں 78 ہزار 956، خیبرپختونخوا میں 27 ہزار 110، بلوچستان 10 ہزار 666، اسلام آباد میں 13 ہزار 195، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 160 اور گلگت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 524 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 78 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جس کے بعد یہاں کورونا سے جاں بحق لوگوں کی تعداد 4 ہزار 551 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں ایک ہزار 819 اور سندھ میں ایک ہزار 437، خیبرپختونخوا میں 983، بلوچستان میں 122، اسلام آباد میں 129، آزاد کشمیر میں 33 جب کہ گلگت میں 28 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب مریضوں کی صحت یابی بھی تیزی سے جاری ہے اور اب ملک میں اس وبا سے شفایاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 8 ہزار 929 مریضوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار896 ہے جب کہ اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 623 ہوگئی ہے۔