اسلام آباد/ کراچی: پاکستان میں پھر سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جب کہ بڑے شہروں میں کراچی میں اس وبا کے کیسز کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 13 ہزار 941 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 309 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.22 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، تاہم 80 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
ادھر سندھ میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر شرح 6.10 فیصد رہی جب کہ ملک بھر کے بڑے شہروں میں کراچی میں کورونا کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 15.85 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔