کراچی: شہر قائد میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاک ڈاؤن سے متعلق کوئی بھی اقدام این سی او سی کی ہدایت سے مشروط کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہر میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کل کراچی کی تاریخ میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے لیکن حالات اس وقت قابو میں ہیں، ہم صورت حال پرنظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سےاموات میں اضافہ نہیں ہورہا، کیسز میں اضافے کے باوجود اسپتالوں میں دباؤ میں اضافہ نہیں ہوا اور وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد بھی کم ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شہر میں لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ این سی او سی کی ہدایات پر کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں پر پابندیوں سے متعلق ہماری نظریں این سی او سی پر ہیں، ملکی معیشت اس قابل نہیں کہ پابندیاں لگائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف سندھ نہیں پورے پاکستان میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، انتہائی تشویش ناک یا وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد زیادہ نہیں، جو بھی حکمت عملی یا فیصلہ ہوگا وہ این سی او سی کے ساتھ مل کر کریں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں کورونا کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ تین روز کے دوران شرح 15 فیصد سے تجاوز کرکے 29 فیصد کے قریب جاپہنچی ہے جب کہ شہر میں اومی کرون ویرینٹ کے 95 فیصد سے زائد کیسز ہیں۔