حکومت کا نوجوانوں کی ویکسی نیشن مرحلہ وار شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں نوجوانوں کی کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ویکسی نیشن کا عمل مرحلہ وار کیا جائے گا۔ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو آئندہ ماہ سے ویکسین دینے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومتی فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومتِ منصوبے کے مطابق ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔

وفاقی وزیرنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین منظم انداز میں لگائی جا رہی ہے۔ حکومت شہریوں کیلئے ویکسین خرید بھی رہی ہے۔

دوسری جانب پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی طبی خدمات ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ کورونا سے بچأ کی ویکسین کی 9 لاکھ سے زیادہ خوراکیں پاکستان کو دی گئی ہیں۔ سرکاری مراکز کا انتخاب کرنے والوں کو یہ ویکسین بلا معاوضہ مل جائے گی۔

نوشین حامد کا کہنا تھا کہ پچاس سال کی عمر سے زیادہ لوگوں کے لیے اندراج کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ 60 سے زائد عمر کے افراد اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لیے ٹیکا لگانے کی مہم پہلے ہی جاری ہے۔

نوشین حامد نے مزید کہا کہ حکومت ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کر رہی ہے۔ ویکسی نیشن ک عمل کو ایک ایسے مرحلے پر لے جانا چاہتے ہیں جہاں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کو ویکسین فراہم کی جائے تاکہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت حکومت کی جانب سے شہریوں کو ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے اور روسی ساختہ سپاٹونک وی ویکسین کے لیے نجی سرٹیفائیڈ اسپتالوں میں سے بھی کچھ کو اجازت دی گئی ہے۔

ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے آغاز میں لوگوں کی رجسٹریشن سست تھی لیکن اب آہستہ آہستہ لوگ آگاہ ہیں اور اپنی رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔ تقریباً 78 فیصد افراد سرکاری ویکسی نیشن مراکز میں اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے مریضوں میں اضافے کے باعث ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ لاہور کے ڈاکٹرز اسپتال میں روسی ویکسین سپوٹنک لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چوتھے روز بھی شہریوں کی کثیر تعداد ویکسین لگوانے ڈاکٹرز ہسپتال پہنچی۔ مختلف مکتبہ فکر کے افراد اور اہم شخصیات نے بھی ویکسین لگوائی۔ ڈاکٹرز اسپتال میں شہریوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اور ویکسی نیشن سینٹر فعال کر دیا گیا ہے۔

دونوں ویکسی نیشن سینٹرز میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ شہریوں نے ڈاکٹرز اسپتال کے عملے کی مہارت اور انتظامات کو بہترین قرار دیا۔

کورونا ویکسی نیشن سینٹر کی انچارج ڈاکٹر منیبہ نے بتایا کہ بغیر رجسٹریشن اور ڈائریکٹ آنے والوں کی ویکسی نیشن نہیں کی جاتی۔ صرف رجسٹریشن کروانے والے افراد کو ویکسین دی جا رہی ہے۔ روسی ویکسین سپوٹنک کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ سامنے نہیں آیا۔

اسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی شہریوں کی بہترین رہنمائی کر رہا ہے۔ ویکسی نیشن کیلئے آنے والے پہلے خود کو رجسٹرڈ کرواتے اور پھر رجسٹریشن کے مطابق مقررہ وقت پر اسپتال آتے ہیں۔