ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد/ کراچی: وفاقی دارالحکومت سمیت تمام صوبوں میں کووڈ ویکسی نیشن کا آغاز ہوگیا۔
ملک بھر کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی آج سے کووڈ ویکسی نیشن شروع ہوگئی۔ اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، بشمول گلگت بلتستان کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز میں صبح گیارہ بجے سے ویکسی نیشن کا باضابطہ آغاز ہوا۔
ویکسی نیشن کے پہلے مرحلے کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14، خیبر پختون خوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14، آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں 16 کووڈ ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ویکسی نیشن کا پورا عمل نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ کام کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں طبی عملے کو ویکسین لگاکر ویکسی نیشن کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کل 83 ہزار ویکیسن وفاق نے حوالے کی ہیں۔ سندھ میں 3 لاکھ 20 ہزار ہیلتھ ورکرز ہیں، ان میں ایک لاکھ 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز ہیں، پہلے مرحلے میں ہم ویکسین مہم 3 شہروں کراچی، حیدرآباد اور شہید بے نظیر آباد میں شروع کررہے ہیں، ان شہروں میں کووڈ 19 کیسز کی تعداد زیادہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی انسداد کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین لگانے کے لیے پنجاب میں مراکز قائم کردیے گئے ہیں، حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگائے گی، پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوئٹہ میں کورونا ویکسین مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، بلوچستان میں 8 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز ہیں جب کہ دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
اسپیشل سیکریٹری کے مطابق صوبے کے بڑے اسپتالوں میں روزانہ 50 اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں روزانہ 30 طبی عملے کو ویکسین لگائی جائے گی، صوبے میں آن لائن رجسٹریشن شروع کررہے ہیں، 1166 پر طبی عملہ خود کو ویکسین کے لیے رجسٹرڈ کرسکتا ہے، ایل آر ایچ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن باقاعدہ طور پر شروع ہوگئی ہے اور صوبے میں مارچ تک محکمہ صحت خود بھی ویکسین کی پروکیورمنٹ کرے گا۔
آزاد کشمیر میں کورونا کی روک تھام کے لیے انسداد کورونا ویکسی نیشن کا آغاز کردیا گیا۔ آزاد کشمیر کے دو اضلاع مظفرآباد اور میرپور کے لیے انسداد کورونا ویکسین فراہم کردی گئی ہے۔ مظفرآباد ضلع کے لیے ویکسین کی 2600 خوراکیں فراہم کی گئی ہیں۔

Covid 19Pakistanvaccination