پاکستان، کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں ایبٹ آباد سرفہرست

اسلام آباد: این سی او سی میں بتایا گیا ہے کہ ایبٹ آباد میں حالیہ دنوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں جب کہ راولپنڈی کا دوسرا نمبر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی حالیہ صورت حال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.59 فیصد ہوگئی ہے۔ پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.15، سندھ میں 10.74 فیصد، خیبرپختونخوا میں 9.68 فیصد، بلوچستان میں 10.46 فیصد، گلگت بلتستان میں 3.92 فیصد، اسلام آباد میں 5.27 فیصد جب کہ آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 11.24 فیصد ہوگئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق شہروں کے اعتبار سے ملک میں سب سے زیادہ کورونا کیسز کی شرح ایبٹ آباد میں ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں کورونا مثبت آنے کی شرح 17.57 فیصد تک جاپہنچی ہے۔ راولپنڈی 15.26 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 14.31 فیصد ہوگئی، حیدرآباد میں 12.13 فیصد، پشاور میں 10.63 فیصد، مظفرآباد میں 10.61 فیصد، کوئٹہ میں 6.42 فیصد، میرپور آزاد کشمیر میں 5.77 جب کہ سوات میں 4.31 فیصد ہوگئی ہے۔
این سی او سی میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کورونا کے 309 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، لاہور میں 84، کراچی میں 73 ، پشاور اور ملتان میں 45، 45، اسلام آباد میں 39 ، راولپنڈی 20 اور فیصل آباد میں 3 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

AbbottabadCovid 19NCOC meetingrawalpindi