کورونا وبا ایک روز میں 75 زندگیاں نگل گئی، 2829 نئے مریض!

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وبا نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 75 افراد کی زندگیاں چھین لیں، جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزار 166 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 35 ہزار 197 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 55 لاکھ 84 ہزار 976 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 829 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 311 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 75 ہزار 642، پنجاب میں ایک لاکھ 20 ہزار 356، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 701، اسلام آباد میں 30 ہزار 748، گلگت بلتستان میں 4 ہزار667، بلوچستان میں 17 ہزار 215 اور آزاد کشمیر میں 6 ہزار 982 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 49 ہزار 780 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 244 کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 75 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8 ہزار 166 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 079 افراد نے کورونا کو شکست دی، جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 45 ہزار 365 ہوگئی ہے۔

Covid 19Pakistan