اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس نے ایک دن میں 50 زندگیوں کے چراغ گل کردیے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 42 ہزار 596 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 59 لاکھ 48 ہزار 742 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 047 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 32 ہزار 327 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 91 ہزار 246، پنجاب میں ایک لاکھ 25 ہزار 897، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 172، اسلام آباد میں 34 ہزار 014، بلوچستان میں 17 ہزار 650، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 578 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 770 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 44 ہزار 582 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 538 کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 50 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 653 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 791 افراد نے کورونا کو شکست دے دی جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 092 ہوگئی ہے۔