کورونا وبا نے 15 لاکھ نوجوانوں سے روزگار چھین لیا

کراچی: ایشیائی ترقیاتی بینک کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ پاکستان میں 3 ماہ کے دوران 15 لاکھ سے زائد نوجوان بے روزگار ہوئے جب کہ 6 ماہ میں 22 لاکھ 58 ہزار نوجوانوں کے بے روزگار ہونے کا اندیشہ ہے۔
کورونا سے بے روزگاری پر ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں 3 اور 6 ماہ کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشیائی خطے کے 13 ممالک کورونا وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور ان متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان نواں متاثرہ ملک ہے۔ جن ممالک میں نوجوانوں کی بے روزگاری بڑھی ہے ان میں بھارت، بنگلادیش، کمبوڈیا، فجی، آسٹریلیا، انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا اور ویت نام شامل ہیں۔
اے ڈی بینک کے مطابق کورونا وبا کے باعث پاکستان میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں 3 ماہ کے دوران 15 لاکھ 6 ہزار نوجوان اپنے روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ 6 ماہ میں 22 لاکھ 58 ہزار نوجوانوں کے بے روزگار ہونے کا اندیشہ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق رئیل اسٹیٹ، مینوفیکچرنگ، ہول سیل و ریٹیل ٹریڈ، رہائشی و فوڈ بزنس کے شعبوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہوئی جب کہ تعلیم، صحت سمیت دیگر کچھ شعبوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3 ماہ کے دوران ایشیائی ممالک میں مجموعی طور پر ایک کروڑ نوجوان بے روزگار ہوسکتے ہیں جب کہ 6 ماہ کے دوران ان ممالک میں بے روزگار نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر ڈیڑھ کروڑ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

ADBCoronaJobless