اسلام آباد: این سی او سی نے کورونا کی موجودہ لہر کے پیش نظر وزیراعظم کی منظوری کے بعد مختلف شہروں میں پابندیاں پھر سخت کردی ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس بریفنگ کے دوران اسد عمر نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، لوگوں کی صحت کے ساتھ روزگار کا خیال بھی ہماری ذمے داری ہے، ہمیں احساس ہے کہ بندشوں سے عام آدمی پر بہت اثر پڑتا ہے، اس حوالے سے وزیراعظم کی منظوری سے کچھ فیصلے کیے ہیں۔ ان فیصلوں پر اطلاق 3 اگست سے 31 اگست تک ہوگا۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ لوگوں نے ان ڈورڈائنگ کا ناجائز فائدہ اٹھایا اس لیے اب اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہفتے میں کاروباری مراکز کو ایک کے بجائے اب 2 دن بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مارکیٹوں میں چھٹی کس روز کرنی ہے یہ فیصلہ صوبے کریں گے، پبلک ٹرانسپورٹ کو دوبارہ 70 فیصد سے 50 فیصد پر لے کر آرہے ہیں، دفاترمیں بھی 50 فیصدعملہ کام کرے گا۔ ملک بھر میں کل سے بازار آٹھ بجے تک کھلیں گے۔