کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پروپیگنڈے اور سازشوں کے باوجود پیپلزپارٹی بھرپور قوت کے ساتھ عوام میں موجود ہے، پیپلزپارٹی سندھ سمیت پاکستان کے عوام کے مفاد میں کام کرتی رہے گی، ایس او پیز پر عمل درآمد سے کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہورہی ہے۔ ایم کیو ایم اپنی سیاست کو بچانے کے لیے تفریق کو پروان چڑھارہی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب آج سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر گفتگو کررہے تھے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں پابندیوں کے اثرات نظرآئے ہیں، کیسز کم ہونے کے بعد سختیوں میں کمی کی گئی ہے، 28 جون سے سندھ بھر کی درگاہیں کھل جائیں گی، لوگ ایس اوپیز کا خیال رکھیں، اسکولز بھی کھل رہے ہیں، پرائمری اسکولز بھی کھل رہے ہیں، شہریوں کے تعاون اور مدد کے بغیر کیسز میں کمی ممکن نہیں تھی، شہری خود کو ویکسی نیٹ کروائیں، تاکہ اس وبا سے محفوظ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سائٹ کے صنعتی ورکرز سے وعدہ کیا تھا اس کی تکمیل ہورہی ہے، آج کراچی سائٹ زون میں نئی بنی 15 سڑکوں کاافتتاح ہونے جارہا ہے، ماڑی پور روڈ کو مکمل کردیا گیا ہے، کراچی شہر کے لیے نئے مالی سال میں نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں، نئے سال میں شہری نئی سڑکیں، انڈرپاسز اور فلائی اوورز بنتے دیکھیں گے۔ سندھ حکومت اپنے فنڈز کو استعمال کرتے ہوئے یہ کام کررہی ہے، وفاقی حکومت نے کسی نعرے اور وعدے کو وفا نہیں کیا، ملیر لنک روڈ اور ملیر ایکسپریس وے اس کے علاوہ ہے، وعدے تو وفاقی حکومت نے بھی کیے، وفاقی حکومت سے سوال کریں کہ انہوں نے کون سا اعلان یا وعدہ پورا کیا، وزیراعظم کے پروپیگنڈے اور سازشوں کے باوجود پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے موجود ہے، پیپلزپارٹی سندھ کے عوام کے مفاد میں کام کررہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں دیکھا کہ حکومت قومی اسمبلی میں احتجاج کرے، پی ٹی آئی دور میں حکومتی ارکان بجٹ سیشن میں ہنگامہ کررہے تھے، بلاول بھٹو نے غربت، افلاس، بے روزگاری اور مہنگائی پر بات کی، کارکردگی بتانے کے بجائے حکومت ذاتیات پر اتر آئی، پی ٹی آئی نے بیڑہ غرق کیا ہے، پارلیمان کی بے توقیری کرکے کیا پیغام دیا جارہا ہے، گالم گلوچ کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو کراچی نےطاقت دی، انہوں نے شہر کو نظر انداز کیا جب ان کے پاس سب اختیارات تھے تو کراچی کے لیے کیا کیا؟ کراچی کی مردم شماری کم دکھانے پر ایم کیوایم کیوں خاموش رہی؟ کیا حیدرآباد میں یونیورسٹی بن گئی ہے؟ ایم کیو ایم اب اپنے نعروں سے لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کررہی ہے، ایم کیو ایم اپنی سیاست کو بچانے کے لیے تفریق کو پروان چڑھارہی ہے، ہم نے تفریق اور منفی سیاست کا خاتمہ کیا۔