کراچی: سندھ کے محکمہ صحت نے کورونا کی نئی قسم پاکستان پہنچنے کے دعوے کی تردید کردی۔
محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے چیئرمین کورونا ٹاسک فورس کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمان کا کورونا کی نئی قسم پاکستان پہنچے کا دعویٰ غلط ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر عطاء الرحمان کے اس حوالے سے دعوے کی تردید کرتے ہیں کیونکہ کورونا کی برطانیہ میں سامنے آنے والی نئی قسم پاکستان میں موجود نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹرعطا الرحمان نے نئے وائرس کے 70 فیصد پھیلاؤ کی بھی بات کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی ہم نے برطانیہ میں دریافت ہونے والے کورونا وائرس سے ملتا جلتا وائرس دریافت کیا ہے۔
برطانوی ماہرین نے سارس کووڈ وائرس ٹو کی جینیاتی طور پر اس تبدیل شدہ شکل کو سائنس دانوں نے بی ون ون سیون کا نام دیا ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق برطانوی سائنس دانوں کے ایڈوائزری گروپ NERVTAG کے مطابق وائرس کی نئی قسم دیگر کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ وائرس بچوں کو زیادہ متاثر کرسکتا ہے۔