کورونا روک تھام، پاکستان کی کارکردگی بھارت سے بہتر رہی، راہول

نئی دلی: کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے بھی کورونا وبا کا بہتر مقابلہ کیا ہے۔
راہول گاندھی نے آئی ایم ایف کے جاری کردہ ایک چارٹ کا حوالہ دیا جس میں جنوبی ایشیا کے ممالک میں سال 2020 اور 2021 کے درمیان کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود معاشی ترقی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس چارٹ میں بنگلادیش، میانمار، نیپال، چین، بھوٹان، پاکستان، سری لنکا، افغانستان اور بھارت کا ذکر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں بھارتی معیشت 10.3 فیصد تک سکڑے گی جسے طنزیہ طور پر انہوں نے مودی حکومت کا ایک ’ٹھوس کارنامہ‘ قرار دیا۔


اپنی ٹویٹ میں راہول نے چارٹ کا حوالہ بھی دیا جس میں بھارتی معیشت کی سب سے کم ترقی کو ظاہر کیا گیا ہے۔ چارٹ کے ساتھ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یہاں تک کہ پاکستان اور افغانستان نے بھی بھارت کے مقابلے میں کووڈ کا بہتر مقابلہ کیا ہے جو حکومت کا ایک ٹھوس کارنامہ ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی چھ سالہ حکومت کو ’نفرت بھری قوم پرستی‘ بھی قرار دیا۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف کے مطابق بھارت میں کورونا کے کیسز میں اب بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس کے معیشت پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

#BJP#Pakistan#Rahul Gandhi