کورونا زدگان ڈھائی لاکھ سے متجاوز، 5226 جاں بحق

اسلام آباد: ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد دو لاکھ 51 ہزار 625 ہوگئی جب کہ اب تک اس وائرس سے 5 ہزار 226 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 532 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 15 لاکھ 85 ہزار 170 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 ہزار 769 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد وبا کا شکار شہریوں کی تعداد دو لاکھ 51 ہزار 625 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 84 ہزار 442 ہے جب کہ ایک لاکھ 61 ہزار 917 افراد صحت یاب ہوئے ہیں، فعال مریضوں میں سے ایک ہزار 837 کی حالت تشویش ناک ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 533 ہوگئی ہے، پنجاب میں 87 ہزار 43، خیبر پختونخوا میں 30 ہزار 486، بلوچستان میں 11 ہزار 185، اسلام آباد میں 14 ہزار 108، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 671 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے ایک ہزار 599 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 69 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، اس طرح ملک میں وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 226 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں 2 ہزار 13، سندھ میں ایک ہزار 795، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 99، بلوچستان میں 126، اسلام آباد میں 153، گلگت بلتستان میں 36 جب کہ آزاد کشمیر میں 44 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

CoronaPakistan