اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 54 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 744 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 75 لاکھ 25 ہزار 432 ہوگئی۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 363 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 27 ہزار 146 ہوگئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 38 ہزار 470، پنجاب میں ایک لاکھ 51 ہزار 603، خیبر پختونخوا میں 64 ہزار 373، اسلام آباد میں 40 ہزار 430، بلوچستان میں 18 ہزار 670، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 706 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 894 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار 293 ہوگئی ہے جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 54 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 11 ہزار 157 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا سےایک دن میں 2 ہزار 179 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار 696 ہوگئی ہے۔