اسلام آباد: ملک میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1176 افراد میں اس وبا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 20 مریض جاں بحق ہوئے جو گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک دن میں جاں بحق ہونے والوں کی سب سے کم تعداد ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 22 ہزار 56 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ اب تک پورے ملک میں 18 لاکھ 90 ہزار 236 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران 1176 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 2 لاکھ 74 ہزار 288 مریض سامنے آچکے ہیں۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے 2 لاکھ 74 ہزار 288 مصدقہ مریضوں میں سے 2 لاکھ 41 ہزار 26 افراد صحت یاب ہوچکے، اس طرح ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 27 ہزار 421 رہ گئی ہے۔
سندھ میں ایک لاکھ 18 ہزار 311، پنجاب میں 92 ہزار 73، خیبر پختون خوا میں 33 ہزار 397، بلوچستان میں 11 ہزار 601، اسلام آباد میں 14 ہزار 884، آزاد جموں و کشمیر میں 2 ہزار 34 جب کہ گلگت بلتستان میں ایک ہزار 989 کورونا مریض سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وبا کا شکار مزید 20 افراد جاں بحق ہوئے، اس طرح ملک میں وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 842 ہوگئی جب کہ ایک ہزار 226 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
سندھ میں جہاں کورونا مریض سب سے زیادہ ہیں وہیں صوبے میں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 151 ہوگئی ہیں، پنجاب میں 2 ہزار 116، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 178، اسلام آباد میں 164، بلوچستان میں 136، آزاد کشمیر میں 49 جب کہ گلگت بلتستان میں 48 افراد جاں بحق ہوئے۔