اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 509 تک جاپہنچی جب کہ 4839 افراد جاں بحق ہوچکے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 24 ہزار 577 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک مجموعی طور پر 14 لاکھ 45 ہزار 153 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 691 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 509 تک جاپہنچی۔
سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جن کی تعداد 96 ہزار 236 ہے، پنجاب 82 ہزار 669، خیبر پختونخوا میں 28 ہزار 236، بلوچستان میں 10 ہزار 841، اسلام آباد میں 13 ہزار 557، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 587 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 383 افراد متاثر ہیں۔
ملک میں کورونا سے صحت یاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 957 ہوگئی جب کہ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 94 ہزار 713 ہے۔
ایک جانب کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، وہیں اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بننے والے بھی بڑھ رہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 77 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد اس وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 4839 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 899 افراد کورنا وائرس سے جاں بحق ہوچکے جب کہ سندھ میں ایک ہزار572، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 38، بلوچستان میں 124، اسلام آباد میں 140، آزاد کشمیر میں 36 اور گلگت بلتستان میں 30 کورونا مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔