اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا آغاز ہوگیا ہے۔
اسد عمر نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے بتایا کہ 2 ہفتے پہلے کہا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈلز چوتھی لہر کے آغاز کو ظاہر کر رہے ہیں۔
اب واضع طور پر چوتھی لہر کے آغاز کی ابتدائی علامات کو دیکھا جاسکتا ہے۔ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونا اور مختلف ویری انٹس کا پھیلاو بڑی وجوہات ہیں۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ انڈورشادیوں، ریسٹورانٹس، جمز میں صرف ویکسین شدہ افراد کی شرط پرعمل نہیں ہوا۔ انہوں نے ان ڈور ریسٹورانٹس، انڈور شادیاں اور جمز بند کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان ڈور تقریبات میں ویکسین شدہ افراد کی شرط پر عمل نہیں ہو رہا۔ اسد عمر نے کہا کہ ہوٹل اور جم مالکان نے ذمہ داری نہ دکھائی تو یہ سہولت بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
پاکستان میں کورونا پھر تیزی سے پھیل رہا ہے اور مثبت کیسز کی شرح3.65فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا سے پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار518 اورمثبت کیسز کی تعداد 9 لاکھ 69 ہزار370 ہو گئی ہے۔
ایکٹو کیسز کی تعداد 35 ہزار573 ہے اور 9 لاکھ 11 ہزار383 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار 805 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 5 ہزار 566، خیبرپختونخوا 4 ہزار 348، اسلام آباد 782، گلگت بلتستان 111، بلوچستان میں 317 اور آزاد کشمیر میں 591 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 83 ہزار400، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 39 ہزار08، پنجاب 3 لاکھ 47 ہزار 553، سندھ 3 لاکھ 44 ہزار223، بلوچستان 27 ہزار 781، آزاد کشمیر 20 ہزار 811 اور گلگت بلتستان میں 6 ہزار 700 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں