کورونا وبا سے 102 جاں بحق، تین ہزار سے زائد نئے مریض!

اسلام آباد: کورونا وائرس سے مزید 102 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے جب کہ 3 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 528 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,654,99 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 70 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 893,461 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 3 لاکھ 4 ہزار 571، پنجاب میں 3 لاکھ 32000، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 28 ہزار 561، اسلام آباد میں 80 ہزار 10، بلوچستان میں 24 ہزار 318، آزاد کشمیر میں 18 ہزار 547 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 454 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 63 ہزار 229 ہے جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 102 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 20 ہزار 89 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 6 ہزار 21 مریض صحت یاب ہوئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 810,143 ہوگئی ہے۔

CoronaNCOCPakistan