اسلام آباد: کورونا وائرس نے مزید 104 افراد کی زندگیاں چھین لیں جب کہ 3 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 771 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,552,33 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 256 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 886,184 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 3 لاکھ ایک ہزار 247، پنجاب میں 3 لاکھ 29 ہزار 913، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 27 ہزار 609، اسلام آباد میں 79 ہزار 552، بلوچستان میں 24 ہزار 64، آزاد کشمیر میں 18 ہزار 360 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 439 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 66 ہزار 377 ہے جب کہ ساڑھے 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 104 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 19 ہزار 856 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 440 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 799,951 ہوگئی ہے۔