نئی دہلی: کورونا وبا سے بھارت میں ہونے والی ہلاکتیں 3 لاکھ سے تجاوز کرگئیں، جن میں سے ایک لاکھ افراد گزشتہ 26 روز میں ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں کووڈ 19 کے سبب مزید 4 ہزار 454 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 2 لاکھ 22 ہزار 315 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔
بھارتی حکام نے سرکاری طور پر کووڈ 19 سے 3 لاکھ 4 ہزار سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جن میں ایک لاکھ افراد گزشتہ 26 روز میں لقمۂ اجل بنے ہیں جو عالمی طور پر ایک ریکارڈ ہے۔ اس کے علاوہ مئی کے پہلے 23 دنوں میں 92 ہزار افراد ہلاک ہوئے جب کہ ماہ اپریل میں 48 ہزار 768 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ امریکا اور برازیل کے بعد بھارت میں کورونا سے سب سے زیادہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔