کراچی: آئی سی سی کی جانب سے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنلز کے لیے امپائرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔
کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیمی فائنل میچ میں ماریس ایرسمس اور رچرڈ النگورتھ فیلڈ امپائرز جب کہ رچرڈ کیٹل بروگ تھرڈ آفیشل ہوں گے، ایرسمس کے ورلڈکپ میں کئی فیصلے تنقید کی زد میں آئے ہیں۔
جمعرات کو بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل کو سپروائز کرنے کے لیے کمارا دھرماسینا اور پال رائفل کا تقرر ہوا ہے، کرس گیفنی تھرڈ امپائر ہوں گے، 13 نومبر کو میلبورن میں شیڈول فائنل کے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں ہوگا۔
قبل ازیں بھارت اور بنگلادیش کے میچ میں بنگال ٹائیگرز کے خلاف بھی متنازع نوبال دینے پر ایک بار پھر آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل امپائر ماریس ایراسمس تنقید کی زد میں آئے تھے۔
اسی طرح بھارت اور پاکستان کے میچ میں بھی محمد نواز کی گیند کو ویرات کوہلی کے اشارے پر نوبال قرار دینے پر بھی انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کل ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگی۔