توہین عدالت کیس: عمران خان کیخلاف متفرق درخواست دائر

اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری سے متعلق توہین آمیز بیان پر توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے متفرق درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کے ویڈیو کلپس ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں، اس لیے عمران خان کے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر دیے بیانات کی ویڈیوز بھی ریکارڈ پر لانے کی اجازت دی جائے۔
متفرق درخواست میں کہا گیا کہ عدالت کے لیے یہ بیانات فیصلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے، عمران خان کے عدلیہ سے متعلق بیانات کو کمرہ عدالت میں چلانے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب، اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس بورڈ پر لارجر بینچ کی کاز لسٹ آویزاں کردی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا تین رکنی لارجر بینچ آج دوپہر کو کیس کی سماعت کرے گا۔ بینچ کی سربراہی جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے جب کہ بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کی رہائی کے لیے منعقدہ ریلی میں خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی مجسٹریٹ زیبا چوہدری، آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم تمہیں دیکھ لیں گے اور تمہارے خلاف کارروائی کریں گے۔

Against Imran KhanContempt of court casemiscellaneous petition filedPTI Chairman